بھارت اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ میں بندروں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے لنگوروں کو سیکیورٹی پر رکھ لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں بندروں کے خطرے کو روکنے کے لیے انوکھی کوشش کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کانپور کے یہ شرارتی بندر کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے شائقین سے کھانے پینے کی اشیاء اور موبائل فون چھین لیتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بندر لنگوروں سے ڈرتے ہیں اس لیے حکام نے لنگوروں اور ان کے سنبھالنے والوں کی خدمات حاصل کی ہیں تاکہ لوگوں سے کھانے پینے کی چیزیں چھیننے والے بندروں سے بچا جا سکے۔
اس کے علاوہ سیکیورٹی گارڈز بھی اسٹیڈیم میں موجود رہیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہونے سے قبل باؤنڈری کی رسی کے پیچھے کیمرے اور دیگر سامان رکھے جانے کی جگہ کو بھی کالے کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا تھا تاکہ بندروں کو کھانے پینے کی چیزوں کو دیکھنے اور انہیں چوری کرنے سے روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے بنگلا دیش کو شکست دی تھی۔