• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پتوکی: دونوں بازوؤں سے محروم باہمت طالبہ تعلیم کیساتھ پینٹنگز کی بھی شائق


پتوکی کی رہائشی دونوں بازوؤں سے محروم باہمت طالبہ مہوش عزیز اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ خوبصورت پینٹگز بنانے کا مشغلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

پتوکی کے جمبر گاؤں کی مہوش عزیز بی ایس کی طالبہ ہیں۔ 4 سال کی عمر میں کرنٹ لگنے سے اپنے دونوں بازوؤں سے محروم ہوگئی تھیں، جس کے بعد سے آج تک اپنے پاؤں کی انگلیوں کی مدد سے لکھ کر تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔

مزدور گھرانے سے تعلق رکھنے والی مہوش نے بتایا کہ اسے اگرچہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر مسائل کا سامنا ہے تاہم وہ پڑھ لکھ کر اپنی فیملی کو سپورٹ کرنا چاہتی ہیں۔

مہوش عزیز پینٹنگز پر بھی مہارت رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنی تیار کردہ تصاویر وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو دکھائیں تو وہ تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔ 

انہوں نے معذوری کے باوجود تعلیم جاری رکھنے پر طالبہ کو 50 ہزار روپے انعام دیا اور گھر بنانے کےلیے 3 مرلہ پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔

رانا سکندر حیات کا کہنا ہے کہ مہوش عزیز جیسی طالبات کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی ہماری ذمہ داری ہے۔ اسے خود مختار کرنے کیلئے فنی تعلیم بھی دلوائیں گے۔

خاص رپورٹ سے مزید