• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مغربی بائی پاس میں غیر معیاری کولڈڈرنکس کی سپلائی کی کوشش ناکام

کوئٹہ(خ ن)ذاتی فائدے کیلئے عوام کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے عناصر کے خلاف بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں جاری ہیں،اس ضمن میں معائنہ ٹیموں نے کوئٹہ ، پنجگور ، مسلم باغ ، حب اور لورالائی میں 20 سے زائد کھانے پینے کے مراکز مالکان پر جرمانے عائد کرتے ہوئے غیر رجسٹرڈ و ناقص مشروبات کی بڑی مقدار سمیت زائد المیعاد و ممنوعہ مصنوعات کی بڑی مقدار ضبط کرلی ۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے مغربی بائی پاس میں غیر معیاری کولڈڈرنکس کی سپلائی کی بڑی کوشش ناکام بنادی گئی، علاقے میں واقع ایک کولڈڈرنک کارخانہ سے غیر معیاری و غیر قانونی مشروبات کی تقریباً 1200 بوتلیں پکڑی گئیں ، کارخانہ سے ناقص کولڈڈرنکس و لیبلنگ کا سامان ضبط کرکے فیکٹری مالک پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ۔ فیکٹری مالک کو وارننگ نوٹس جاری کرتے ہوئے کولڈڈرنکس کی تیاری و سپلائی سے قبل رجسٹریشن سمیت تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کی تنبیہ کی گئی ۔ ترجمان کے مطابق حب ، پنجگور ، مسلم باغ اور لورالائی میں اتھارٹی کی زونل معائنہ ٹیموں نے دودھ کی کوالٹی اور متفرق خوراک کے مراکز میں فروخت کی جانے والی اشیاء خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا ، دوران معائنہ متعدد مراکز سے زائد المیعاد خوردنی مصنوعات اور پابندی عائد اشیاء ضبط کرکے بعدازاں تلف کردی گئیں ۔
کوئٹہ سے مزید