کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے رہائشی عمران بلوچ اور حبیب اللہ نے کہا ہے کہ ایک بااثر شخص ہمارے مکان کے قریب واقع زمین کا کیس جیتنے کی آڑ میں ہمیں بھی اپنے مکان سے بے دخل ہونے کے لئے دباو ڈال کر قبضہ کرنے کی کوشش کررہا ہے ، حکومت اور متعلقہ حکام اس کا نوٹس لیتے ہوئے ہمیں انصاف فراہم کریں ۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم 2006 سے بروری میں واقع 3 ہزار فٹ کے گھر میں رہائش پذیر ہیں حال ہی میں ہمارے گھر سے متصل زمین کا کیس مذکورہ بااثر شخص نے جیتا ہے جس کے بعد وہ ہمیں اپنے گھر سے بے دخل ہونے پر مجبور کررہا ہے ، گھر کا اسٹامپ بھی ہمارے پاس موجود ہونے کے باوجود ہمیں زبردستی دھمکاکر گھر خالی کرنے کیلئے دباؤ ڈالا جارہا ہے ۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا کہ اس کا نوٹس لیکر ہمیں انصاف فراہم کیا جائے ۔