• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مردہ انسان سے پارکنگ فیس کا جرمانہ وصول کرنے کی تگ و دو

لندن (پی اے) ایک سوگوار والد نے ساؤتھ انڈ آن سی سٹی کونسل پر الزام لگایا ہے کہ کونسل پارکنگ فیس کا جرمانہ وصول کرنے کیلئے بھیڑیوں کی طرح میرے مرے ہوئے بیٹے کا تعاقب کررہی تھی۔ اس نے بتایا کہ اس کا بیٹا شوان جیگر مارچ میں سڑک کے کنارے اپنی وین کھڑی کرتے ہی چل بسا تھا، جس کی اطلاع سٹی کونسل کو دے دی گئی تھی لیکن مرنے کی اطلاع دیئے جانے کے باوجود وہ فیس وصولی کیلئے تقاضہ کرتی رہی۔ اب کونسل نے اپنے اس عمل پر معذرت کرلی ہے اور کہا ہے کہ جرمانہ ختم کردیا گیا ہے لیکن جیگر کے والد کا کہنا ہے کہ یہ کونسل کی شقی القلبی تھی۔ کونسل 55سالہ شوان جیگر۔ سے، جو 2بچوں کا باپ اور پیشے کے اعتبار سے اسپرے پینٹر تھا، جرمانے کی رقم کا تقاضہ کررہی تھی۔ شوان جیگر کا زندگی بھر کا اثاثہ ایک آتشزدگی کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد وہ بے گھر ہوگیا تھا اور ایک وین میں زندگی گزار رہا تھا، اس دوران اس کی صحت خراب ہوتی گئی۔ مارچ کے آخر میں اس نے گلین ہرسٹ روڈ کے کنارے قانونی طریقے سے اپنی وین کھڑی کی اور کچھ دور جا کر ہی بیہوش ہو کر گرپڑا، اسے فوری طورپر ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کو برین ٹیومر اور جسم کے مختلف حصوں میں اسٹیج4  کے کینسر کی تشخیص کی۔ شوان کو یہ یاد نہیں تھا کہ اس نے وین کہاں پارک کی ہے۔ اس کے والد کو کئی دن کے بعد وین ملی، اس وقت تک وین کے ونڈ اسکرین پر 3PCN لگے ہوئے تھے۔ شوان جیگر کے والد بیری جیگر نے کونسل کو خط لکھ کر کونسل کو آگاہ کیا کہ اس کے بیٹے کے ساتھ کیا ہوا ہے، جس پر اتھارٹی نے اسے جواب دیا کہ وہ پہلا جرمانہ ختم کرتی ہے لیکن بقیہ دو وصول کرے گی اور انھیں ادائیگی کیلئے تقاضہ کیا گیا۔ شوان جیگر 24 اگست کو چل بسا تھا، اس کے والد نے دوبارہ کونسل کو لکھا اور اس کے ساتھ شوان کے ڈیتھ سرٹیفکٹ کی کاپی بھی لگادی لیکن اس کے ایک ہفتے بعد ہی ایک اور لیٹر موصول ہوا، جس میں کہا گیا تھا کہ جرمانہ ادا کردیا جائے ورنہ بیلف کے ذریعے وصولی کی جائے گی۔ شوان کے 80 سالہ والد بیری جیگر کا کہنا ہے میں اسے سنگدلی یا شقی القلبی ہی کہہ سکتا ہوں، وہ اسٹیج فور کے کینسر کا مریض اور بے گھر تھا اور کونسل کے حکام اس کے مرنے سے پہلے اور مرنے کے بعد بھی اس کا تعاقب کررہے ہیں۔ انھوں نے اسے معاف نہیں کیا ہے، وہ بھیڑیوں کی طرح مرنے کے بعد بھی اس کا تعاقب کررہے ہیں۔ بی بی سی کی جانب سے رابطہ کرنے پر کونسل کے لیڈر ڈینیل کووان نے بیری جیگر سے ان کو پہنچنے والی تکلیف پر معذرت کرتے ہوئے ان سے اور ان کی فیملی سے تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ تینوں میں سے دو جرمانے طبی بنیادوں پر ختم کردیئے گئے ہیں لیکن تیسرا سسٹم میں ہے اور اس کے بارے میں ہمیں کچھ معلوم نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیری جیگر نے اتھارٹی کو اپنے بیٹے کی موت سے آگاہ کیا تھا اور اب تیسرا پی سی این بھی معاف کردیا گیا ہے۔ کونسل کا کہنا تھا کہ 2 پی سی این کے پراسیس کا پورا عمل منصفانہ اور موثر تھا، تاہم تیسرے پی سی این کے معاملے میں افسوسناک صورت حال پیدا ہوئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابھی مزید بہتری کی گنجائنش ہے اور اب اسے بہتر بنانے کیلئے جو بھی ممکن ہوا کریں گے۔ بیری جیگر کا کہنا ہے کہ وہ کونسل کی معذرت کو، جو ان کے بیٹے کی تدفین کے دن ملی، قبول نہیں کرتے، میں سوگ میں تھا، مجھے برہم نہیں ہونا چاہئے تھا۔ انھوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مجھ سے کی جانے والی معذرت کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
یورپ سے سے مزید