ایران نے اسرائیل پر حملہ کردیا۔ اسرائیلی فوج نے ایران کی جانب سے میزائل فائر کیے جانے کا دعویٰ کردیا، جبکہ بتایا جارہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 میزائل فائر کیے۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل کا ہدف تل ابیب تھا۔ مقبوضہ بیت المقدس سمیت پورے اسرائیل میں سائرن بجنے لگے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس حملے میں دو افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی نے جنگی کابینہ کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ امریکی صدر نے بھی قومی سلامتی ٹیم کی بھی میٹنگ بلالی۔
عرب میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر 400 میزائل داغ دیے جبکہ لبنانی علاقوں سے بھی اسرائیل پر متعدد راکٹ فائر کیے گئے ہیں۔
ادھر ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ تہران اور اصفہان کے آسمان پر پروجیکٹائل دیکھے گئے۔ ایرانی پاسدارن انقلاب موجودہ صورتحال پر بیان جاری کرے گا۔
دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس میں درجنوں دھماکے سنے گئے۔ اسرائیلیوں کو تاحکم ثانی شیلٹر میں جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔
دوسری جانب تل ابیب میں فائرنگ کا بھی واقعہ پیش آیا ہے جس میں 8 افراد ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اس واقعے میں ملوث 2 حملہ آوروں کو مار دیا گیا ہے۔
یرانی پاسداران انقلاب نے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد بیان جاری کردیا اور اسے اپنا بدلہ قرار دے دیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اسرائیل پر حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللّٰہ کا بدلہ ہے۔ اسرائیل نے جوابی کارروائی کی تو دوبارہ نشانہ بنایا جائے گا۔
اسرائیلی وزیر خزانہ بیزالیل سموترخ نے تل ابیب پر میزائل حملے پر ردعمل دیا اور کہا کہ تہران اس لمحے پر پچھتائے گا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر دھمکی آمیز بیان میں 44 سالہ اسرائیلی وزیر خزانہ نے کہا کہ غزہ، حزب اللّٰہ اور لبنانی ریاست کی طرح ایران بھی اس لمحے پر پچھتائے گا۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے ایرانی حملوں کے بعد امریکی افواج کو اسرائیل کا دفاع کرنے کا حکم دے دیا۔
ترجمان وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ ایرانی حملوں کی صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، امریکی صدر بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس وائٹ ہاؤس میں موجود ہیں۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن نے امریکی فوج کو اسرائیل آنے والے ایرانی میزائلوں کو مار گرانے اور اسرائیل کا دفاع کرنے کا حکم دے دیا۔
ادھر اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ ایران کو حملے کے نتائج بھگتنا ہوں گے، جوابی حملے کے وقت اور جگہ کا تعین ہم کریں گے۔
تہران ٹائمز نے رپورٹ کیا کہ ایران نے ایف 35 جہازوں کے اڈے نیواٹم کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کے فائر کیے گئے 80 فیصد میزائلوں نے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا کہ ایران نے دو مرحلوں میں 200 کے قریب میزائل اسرائیل کی طرف داغے۔
ترک میڈیا نے بتایا کہ ایران نے اسرائیل کے نیواٹم فضائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
شامی فوج کا کہنا ہے کہ جنوبی شام کی جانب سے گئے کئی ایرانی میزائلوں کو اسرائیلی فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
عراقی مزاحمتی گروپ نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر حملوں میں عراقی فضائی حدود استعمال کی تو امریکی فوج کو نشانہ بنائیں گے۔
جرمنی نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر فضائی حملوں کی مذمت کی ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق جرمن وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران کو کشیدگی بڑھانے سے خبردار کرتے ہیں۔ ایران اسرائیل پر حملے فوری روکے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی اسرائیل میں فوجی علاقوں کو بند کر دیا، شمالی اسرائیل کے فوجی علاقوں میں داخلے پر سخت پابندی عائد کردی گئی۔
عرب میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ایران نے اسرائیل پر میزائل حملے سے کچھ دیر پہلے سفارتی چینلوں سے امریکا کو مطلع کر دیا تھا۔
امریکا کی پیشگی اطلاع
واضح رہے کہ امریکی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ ایران آئندہ 12 گھنٹوں میں اسرائیل پر حملہ کرسکتا ہے۔ امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنے اسرائیل میں امریکی سفارتکاروں کو بم شیلٹر کے قریب رہنے کا حکم دے دیا گیا۔