تہران (اے ایف پی)ایرانی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز کہا کہ ایران اسرائیل کا مقابلہ کرنے کے لیے لبنان یا غزہ میں فوج تعینات نہیں کرے گا،جیساکہ اسرائیلی حملے خطے میں اس کے اتحادیوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنانی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اضافی یا رضاکار فورس بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لبنان اور فلسطینی علاقوں میں مزاحمتی گروپ جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔ناصرکنانی نے تہران میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی کی جانب سے اس حوالے سے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ہے، اس کے برعکس ہمیں مطلع کیا گیا ہے اور یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ انہیں ہماری افواج کی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔اس کے باوجودناصرکنانی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اسرائیل کو ایرانی عوام، فوجی اہلکاروں اور مزاحمتی قوتوں کے خلاف کیے گئے جرائم کی سرزنش اور سزا ضرور دی جائے گی۔ایرانی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ روز بھی حسن نصراللہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے تہران میں حزب اللہ کے دفتر کا دورہ کیا ۔