کوئٹہ(خ ن)غیر معیاری خوردنی مصنوعات کی تیاری و فراہمی کے خاتمے کیلئے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں کوئٹہ اور ضلع گوادر کے مختلف علاقوں میں فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی پر آئسکریم کارخانہ سمیت 22 مراکز پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق کوئٹہ اسپنی روڈ میں ناقص آئسکریم بنانے والا کارخانہ دھر لیا گیا، انسپکشن کے دوران آئسکریم یونٹ سے باسی پھل ، مضر صحت رنگ ، ایکسپائرڈ اجزاء برآمد ہوئے جبکہ یونٹ میں صفائی ستھرائی کی صورتحال انتہائی خراب پائی گئی ، حتمی پراڈکٹس بغیر مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تواریخ اور خام و تیار اشیاء کی ترسیل کا ریکارڈ عدم موجودگی پایا گیا۔آئسکریم کارخانہ مالک پر بھاری جرمانہ عائد کرتے ہوئے اصلاحات کیلئے فوری اقدامات کی تنبیہ کی گئی ۔ علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں میں معائنے کے دوران گزشتہ ہدایات کے باوجود ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد بیکنگ یونٹس ، زائد المیعاد اشیاء رکھنے پر 5 جنرل اسٹورز ، ایک ہولسیلر جبکہ لائسنس نہ ہونے پر متعدد مراکز کے خلاف ایکشن لیا گیا ،اسی طرح گوادر میں 5 جنرل اسٹورز سے ایکسپائرڈ مصنوعات اور بچوں کے کھانے کی زائد المیعاد اشیاء کی بڑی مقدار پکڑی گئی جنہیں بی ایف اے زونل حکام نے قبضہ میں لیکر بعدازاں تلف کردیا۔