حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصراللّٰہ کی شہادت کے بعد اب یہ اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ تہران سینئر حکام کے درمیان اسرائیلی ایجنٹوں کی موجودگی کے خدشات پر پریشان ہے۔
غیرملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے گذشتہ روز اسرائیل پر میزائل حملوں کا حکم دیا تھا۔
واضح رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اسرائیل پر 400 میزائل داغے جن کا ہدف تل ابیب کے شمال میں اسرائیلی فوجی تنصیبات تھیں۔
حملوں کے بعد ایک بیان میں ایران کی پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ یہ حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصر اللّٰہ سمیت ہزاروں شہید مسلمانوں کا بدلہ ہے۔
تاہم خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ آیت اللّٰہ خامنہ ای نے حسن نصراللّٰہ کو اسرائیلی منصوبے سے خبردار کیا تھا اور انہیں اسرائیلی حملے سے کئی روز پہلے لبنان سے جانے کا کہا تھا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ حزب اللّٰہ سربراہ کی شہادت کے بعد ایرانی سپریم لیڈر نامعلوم محفوظ مقام پر ہیں۔ حزب اللّٰہ اور ایرانی اسٹیبلشمنٹ میں عدم اعتماد کی فضا سے ایران خامنہ ای کی حفاظت پر فکرمند ہے جبکہ ایران سینئر حکام کے درمیان اسرائیلی ایجنٹوں کی موجودگی کے خدشات پر پریشان ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق اس سے متعلق ایرانی وزارت خارجہ اور اسرائیلی حکام نے اب تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔