لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللّٰہ نے آج ہونے والی جھڑپوں میں مزید 17 اسرائیلی فوجی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق حزب اللّٰہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللّٰہ اور اسرائیلی فوج کی زمینی جھڑپوں میں آج ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوج کے افسروں اور جوانوں کی تعداد 17 ہے۔
آج جنوبی لبنان میں زمینی جھڑپوں کے ساتھ ساتھ حزب اللّٰہ کی جانب سے اسرائیل کے مختلف علاقوں پر راکٹ حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
اسرائیلی فوج کے زمینی دستے نے جنوبی لبنان میں پیش قدمی کی کوشش کی، حزب اللّٰہ کے ٹینک شکن میزائلوں سے حملے کے باعث صہیونی فوج پسپا ہوگئی۔
پسپا ہوتے ہوئے بدحواسی میں بکتربند بھی چھوڑ گئی، حزب اللّٰہ نے شمالی اسرائیل پر بھی 20 راکٹ حملے کیے، جبکہ حوثیوں نے تل ابیب میں فوجی تنصیبات پر ڈرون حملے کیے، شیلٹرز کی طرف بھاگنے والے متعدد اسرائیلی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں میونسپلٹی عمارت پر حملہ کیا جبکہ حزب اللّٰہ کے 15 جنگجو مارنے کا دعویٰ بھی کیا۔ بیروت میں بھی میزائل حملہ میں 9 شہری جاں بحق ہوگئے، اس طرح 24 گھنٹوں کے دوران دو لبنانی فوجیوں سمیت 45 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے۔
اسرائیلی فوج نے غزہ میں حماس حکومت کے سربراہ روحی مشتاحہ کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا، تاہم حماس نے اس کی تصدیق نہیں کی۔ غزہ میں جاری بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 100 فلسطینی شہید ہوگئے۔
لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں اور صہیونی فوج کی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 45 سے زیادہ افراد شہید ہوگئے۔