آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری ”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ میں فن پاروں کی نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے بھی شرکت کی۔
”ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی“ کے 10ویں روز The Legacy, Vision of the Old Masters & Contemporary Painters of Pakistan کے عنوان سے نمائش کا انعقاد احمد پرویز آرٹ گیلری میں کیا گیا جس کا افتتاح متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی، صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ اور صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کیا۔
اس موقع پر یو اے ای کے کراچی میں قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
اس موقع پر اماراتی سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے کہا کہ مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں آج اس خوبصورت نمائش میں شریک ہوا۔ محمد احمد شاہ اور ذوالفقار شاہ نے کراچی میں زبردست میلہ سجایا ہوا ہے۔ آرٹ ایک گلوبل زبان ہے، اس فیسٹیول میں 40 ممالک شریک ہیں، فیسٹیول کے انعقاد میں صوبائی وزیر ثقافت کا تعاون شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی فنکاروں کی قدر کرتا ہوں، پاکستانی فنکار دبئی آرٹ فیسٹیول میں بھی شریک تھے۔ پاکستان کی نوجوان نسل بہت باصلاحیت ہے، پاکستان اور امارات کے فنکاروں کے تبادلے ہونے چاہئیں۔
انکا کہنا تھا کہ میڈیا کا شکر گزار ہوں جو فیسٹیول کو پوری دنیا میں دکھا رہا ہے۔ امید ہے مستقبل میں آپ پاکستان اور اماراتی فنکاروں کے مشترکہ پراجیکٹس دیکھیں گے۔
وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ہم اماراتی سفیر کا کراچی میں خیر مقدم کرتے ہیں۔ فیسٹیول میں ان کی شرکت ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ورلڈ کلچرل فیسٹیول کراچی کی وجہ سے پوری دنیا میں ہمارا سافٹ امیج بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یو اے ای اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات ہیں، ہم نے درخواست کی ہے کہ ویزہ پالیسی کو تھوڑا آسان کریں کیونکہ گھومنے کےلیے دبئی ایک خوبصورت جگہ ہے، ہم دبئی میں بھی کلچر فیسٹیول کرنے جا رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب بھی سیلاب آیا وہاں ہم نے اماراتی قونصل جنرل کو اپنے ساتھ کھڑا پایا۔
صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کےلیے اعزاز کی بات ہے کہ یو اے ای کے سفیر نے ہمارے فیسٹیول میں شرکت کی۔
مجھے اس فیسٹیول کا تصور 2017ء کے ورلڈ کلچر سمٹ سے آیا، ہم نے یو اے ای کی حکومت سے کہا کہ ہمیں آپ کی انٹلیکچول سپورٹ چاہیے، پاکستان کے ساتھ یو اے ای کے دیرینہ تعلقات ہیں۔ ہمیں اس فیسٹیول کے انعقاد میں حکومت سندھ کی بھرپور سپورٹ حاصل ہے۔
پاکستان کے ماسٹرز کے 29 اور نوجوان نسل کے 32 فن پارے نمائش میں رکھے گئے ہیں جن میں معروف مصور انور مقصود، فرخ شہاب، شہزاد بلوچ، لیلیٰ شہزادہ، زبیدہ آغا، عبدالرحمٰن چغتائی، انور جلال شمزہ، منصور راہی، استاد اللّٰہ بخش، مسز انامولیکا، جی مصطفیٰ، اے اسلام، کبریا، منصور آئی، بشیر مرزا، وہاب جعفر، اوزیر زوبی، سردار محمد، ذوالفقار زلفی، امبر روماسا ناگوری، مرتضیٰ بشیر، اے بی نظیر، یاسر نور، کبیر عطا محمد، جواد احمد جان، رضا علی، عجب خان کے شاہ کار شامل تھے۔
آخر میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے معروف مصور و دانشور انور مقصود کی پینٹنگ متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی کو بطور تحفہ پیش کی۔
واضح رہے کہ نمائش 15 اکتوبر تک آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں جاری رہے گی۔