جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والے نامور اداکار ناگرجونا کے خلاف غیر قانونی قبضے سے متعلق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسٹار اداکار کے خلاف درخواست "جنم کوسم مناساکشی فاؤنڈیشن" کے صدر کسریڈی بھاسکر ریڈی کی جانب سے دی گئی ہے۔
ریڈی نے الزام لگایا کہ ناگرجونا نے غیر قانونی طور پر قیمتی زمین پر این کنونشن سینٹر تعمیر کیا ہے، جو مبینہ طور پر تھمیدیکنٹا جھیل کے فل ٹینک لیول (FTL) اور بفر زون میں آتی ہے۔
اپنی درخواست میں ریڈی نے موقف اختیار کیا کہ ناگرجونا کئی سالوں سے قبضہ کی گئی اس زمین سے غیر قانونی طور پر پیسہ کما رہے ہیں۔
انہوں نے استدعا کی کہ سپر اسٹار اداکار کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے جبکہ انکی گرفتاری بھی عمل میں لائے جائے۔
خیال رہے کہ 24 اگست کو حیدرآباد میونسپل حکام نے ناگرجونا کے این کنونشن سینٹر کا جزوی انہدام کیا تھا، جس سے جھیل کے قریب ممکنہ تجاوزات کے خدشات پیدا ہوئے۔
ناگرجونا نے فوری طور پر عدالت سے اسٹے حاصل کیا اور دعویٰ کیا کہ زمین قانونی طور پر دستاویز شدہ ہے۔
مذکورہ درخواست پر فی الحال جنوبی بھارتی اداکار کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔