بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین اور بگ باس سیزن 17 کے فاتح منور فاروقی نے انکشاف کیا ہے کہ والدہ نے شادی میں 22 سال ظلم سہنے کے بعد زہر کھا کر جان دی۔
33 سالہ بھارتی کامیڈین نے گزشتہ برس میک اپ آرٹسٹ مہ جبین کوٹ والا سے شادی کی تھی۔
تازہ انٹرویو میں منور فاروقی نے اپنے بچپن کے حالات اور والدین کے تعلقات اور والدہ کی موت سے متعلق گفتگو کی۔
کامیڈین نے بتایا کہ والدہ نے 22 سالہ شادی میں ظلم سہنے کے بعد زہر کھاکر جان دی، یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب میں صرف 13 سال کا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ والد نے والدہ پر زندگی میں بہت ظلم کیا اور تکلیف دی تو والدہ نے زہر کھا کر جان دی دے، واقعے کے دو سال بعد وہ خود فالج کا شکار ہوئے اور 11 سال بستر پر پڑے رہے۔
منور فاروقی نے یہ بھی کہا کہ میں زندگی کے ابتدائی دور میں والد کو ولن سمجھتا تھا، اُن سے بہت ناراض تھا، جب بھی انہیں دیکھتا غصہ آجاتا تھا، مگر پھر میں نے انہیں معاف کردیا کیونکہ حالات نے مجھے معاف کرنا اور مضبوط بننا سکھایا۔
اُن کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں ولن ہونے کے باوجود وہ میرے والد تھے، میں نے خود کو سمجھایا کہ میں اُن سے نفرت کیسے کروں؟ اُن کے پاس میرے سوا کوئی نہیں، انہوں نے کچھ غلط کیا اور اُس کا خمیازہ بھی بھگت لیا، وہ خود بھی تکلیف میں رہے۔
بھارتی کامیڈین نے کہا کہ یہی وہ صورتحال تھی، جس نے مجھے معاف کرنے والا بنادیا، میں بری باتوں اور لمحات کو جانے دینا سیکھ لیا اور پھر کبھی کسی نے مجھے تکلیف نہیں دی۔