• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسمگل شدہ پٹرول فروخت روکنے کیلئے نیا قانون نافذ، لینڈ پورٹ اتھارٹی بل بھی منظور

اسلام آباد ( طاہر خلیل ) صدر آصف علی زرداری نے پٹرولیم ترمیمی بل اور پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025ء کی منظوری دیدی۔

نیا قانون نافذ ہو گیا جس سے پیٹرول اسمگلنگ اور ٹیکس چوری کے خلاف سرکاری اقدامات مزید مؤثر ہوں گے، جب کہ پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی انٹرا یجنسی رابطہ کاری کیلئے بطور پلیٹ فارم کام کرے گی۔ 

پٹرولیم ترمیمی ایکٹ اسمگلنگ اور غیر قانونی پٹرول پمپس کے خلاف اقدامات مضبوط کرتا ہے،ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور کسٹمز حکام کو ضبطگی کے اختیارات مل گئے، ‎پٹرولیم مصنوعات کی آئی ٹی بیسڈ ٹریکنگ متعارف کرائی گئی ہے،‎ خلاف ورزیوں پر سخت سزائیں اور جرمانے بڑھا دیے گئے ہیں۔ 

دریں اثناء پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی بل 2025 صدر مملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد ایکٹ بن گیا، یہ قانون پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کے قیام کی راہ ہموار کرتا ہے، یہ ایک قانونی ادارہ ہے جو سرحدی کراسنگ پوائنٹس کے پار سامان اور لوگوں کی نقل و حرکت میں سہولت فراہم کرتا ہے۔

ہفتے کو ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اتھارٹی انٹر ایجنسی کوآرڈینیشن کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جو زمینی بندرگاہوں پر موثر تجارت اور مسافروں کی نقل و حرکت کو یقینی بنائے گی۔ 

پاکستان بنگلہ دیش اور بھارت کے بعد جنوبی ایشیا کا تیسرا ملک بن گیا ہے جس نے لینڈ پورٹ اتھارٹی قائم کی۔

اتھارٹی بارڈر مینجمنٹ ایجنسیوں کے ساتھ مؤثر طریقے سے ہم آہنگی پیدا کرنے، تجارتی سہولت کاری کو ہموار کرنے اور سرحد پار رابطوں کو بڑھانے کیلئے ایک مضبوط طریقہ کار متعارف کرائے گی، یہ بین الاقوامی معاہدوں اور کنونشنز کے تحت پاکستان کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ 

پاکستان لینڈ پورٹ اتھارٹی کا قیام پاکستان کے علاقائی تجارتی انضمام کو مضبوط ، بارڈر مینجمنٹ کو بہتر اور پڑوسی ممالک کے ساتھ اقتصادی روابط بڑھانے کی جانب اہم قدم ہے۔ 

اہم خبریں سے مزید