• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمایوں اور ماہرہ کے بعد اب فلم اسٹار شاہد بھی فردوس جمال کے نشانے پر

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ نامور اداکار ہمایوں سعید اور اداکارہ ماہرہ خان پر تنقید کے بعد اب معروف سینئر اداکار فردوس جمال نے فلم اسٹار شاہد پر بھی تنقید کے نشتر چلا دیے۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے مقبول فلم اسٹار شاہد اداکار نہیں تھے، ان کی اداکاری کبھی مجھے سمجھ نہیں آئی۔ 

حال ہی میں سینئر اداکار فردوس جمال نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انٹرویو کے دوران میزبان نے سینئر اداکار سے سوال پوچھا کہ اداکاری میں کس سے متاثر ہیں، یا کسے آئیڈیلائز کیا کرتے تھے؟

میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمر کے مختلف ادوار میں آپ کی ذہنیت کے مطابق آپ کے آئیڈیل تبدیل ہوتے رہتے ہیں۔

فردوس جمال نے کہا کہ جب میں نے فلمیں دیکھنی شروع کی تو سدھیر صاحب پسند تھے، پھر محمد علی اور وحید مراد سے سیکھا۔

اسی اثناء میں میزبان نے اداکار ندیم بیگ اور شاہد کا نام بھی لیا، جس پر انہوں نے کہا کہ مجھے شاہد کی اداکاری کبھی سمجھ نہیں آئی۔ وہ بہت ہینڈسم آدمی ہیں لیکن وہ اداکار بالکل نہیں ہیں۔ مجھے کبھی سمجھ نہیں آیا کہ ان کا نام بہترین اداکاروں کے ساتھ کیوں لیا جاتا ہے۔ وہ اداکار کی کسی کتابی تعریف پر پورا نہیں اترتے۔

فردوس جمال کا جواب سن کر میزبان نے کہا کہ شاہد کا شمار ہمیشہ اس دور کے عظیم لوگوں میں ہوتا ہے، جس پر سینئر اداکار نے طنزیہ انداز میں کہا کہ اس طرح تو رنگیلا کا شمار بھی عظیم لوگوں میں کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد ایک حادثاتی اداکار ہیں اور حادثے تو کہیں بھی ہو سکتے ہیں۔ میں شاہد کے کیریئر کو اسی طرح دیکھتا ہوں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل فردوس جمال اداکارہ ماہرہ خان اور سپر اسٹار اداکار ہمایوں سعید کو بھی تنقید کا نشانہ بنا چکے ہیں جس پر انہیں شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

فردوس جمال نے کہا تھا کہ مجھے ماہرہ خان کی عمر نظر آتی ہے جبکہ ہمایوں سعید صرف اپنے وسائل کو کیش کر رہے ہیں، وہ اداکاری میں ڈاکا ڈال رہے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید