معروف انٹریریئر ڈیزائنر اور ماضی کے شہرت یافتہ بھارتی اداکار سنجے خان کی بیٹی سوزین خان نے اپنے 14 سالہ کاروباری سفر کے بارے میں گفتگو کے دوران کاروبار میں دوبارہ سرمایہ کاری اور توازن کی اہمیت پر زور دیا۔
واضح رہے کہ 50 سالہ سوزین صرف ریتک روشن کی سابق اہلیہ کے طور پر ہی نہیں جانی جاتیں بلکہ بھارت کی مقبول ترین سیلبریٹی انٹیریئر ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں، انھوں نے حال ہی میں زیروڈا (فنانشل سروسز کمپنی) کے ساتھ ایک گفتگو کے دوران اپنے ڈیزائن فیس اسٹرکچر اور کاروبار پر گفتگو کی۔
سوزین کا کہنا تھا کہ ان کی فرم ایک مقررہ فلیٹ ریٹ چارج کرتی ہے، جو کہ 1,200 سے 2,000 روپے فی فٹ کے درمیان ہوتی ہے جو کہ پروجیکٹ کے لوکیشن، مواد، اور کلائنٹ کے بجٹ جیسے عوامل کی بنیاد پر ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ خریداریوں پر کوئی کمیشن نہیں لیا جاتا۔ اپنے کاروبار کے حوالے سے انھوں نے مزید بتایا کہ 2011 میں انھوں نے چارکول پروجیکٹ کا آغاز کیا، ابتدائی طور پر شکوک شبہات کے باوجود یہ بھارت کا پہلا تصوراتی ہوم اسٹور تھا۔
انکا کہنا تھا کہ شروع میں مجھے کافی تنقید کا سامنا کرنا پڑا، لوگوں نے مجھے صرف ایک اور سیلیبریٹی انٹیریئر ڈیزائنر سمجھ کر نظرانداز کر دیا، کیونکہ ان دنوں ایسا لگتا تھا جیسے ہر کوئی انٹیریئر ڈیزائنر بن رہا ہو۔ لیکن خدا کا شکر ہے کہ ہم 14 سال سے مضبوطی سے موجود ہیں، پیسے آتے جاتے رہتے ہیں لیکن اس میں توازن کلید اور دوبارہ سرمایہ کاری اہم ہوتا ہے۔ البتہ کوویڈ 19 کے دوران مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔
جہاں تک سوزین خان کی ذاتی زندگی کا تعلق ہے تو ان کے سابق شوہر ریتک روشن ان کے بچپن کے دوست تھے اور ان کی 2000 میں شادی ہوئی، انھیں بالی ووڈ کا سب سے پسندیدہ جوڑا سمجھا جاتا تھا۔ تاہم 2014 میں دونوں نے خوش اسلوبی سے علیحدگی اختیار کر لی، اب یہ دونوں اپنے بیٹوں 17 سالہ ہریدن اور 18 سالہ ہریہان کی مشترکہ پرورش کر رہے ہیں۔