دریائے چناب میں ہیڈ تریموں پر پانی میں اضافہ ریکارڈ ہونے کے بعد درمیانے درجے کا سیلاب آگیا۔ پانی کا بہاؤ بڑھ کر 2 لاکھ 60 ہزار کیوسک ہوگیا۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے چناب میں ہیڈ خانکی اور قادر آباد پر اونچے درجے کے سیلاب ہیں، خانکی پر 2 لاکھ 29 ہزار جبکہ قادر آباد پر 2 لاکھ 3 ہزار کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے راوی میں ہیڈ بلوکی پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوکر 2 لاکھ 11 ہزار 395 کیوسک ہوگیا۔ ہیڈ بلوکی پر اب بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ ہیڈ سدھنائی پر نچلے درجے کا سیلاب آگیا، شاہدرہ پر بہاؤ کم ہوکر 90 ہزار کیوسک ہوگیا۔
دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب بر قرار ہے، 2 لاکھ 53 ہزار 68 کیوسک پانی ریکارڈ کیا گیا۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق ہیڈ سلیمانکی پر اونچے درجے کا سیلاب ہے، پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 54 ہزار 219 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہیڈ اسلام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔
اسی طرح دریائے سندھ میں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر نچلے درجے کے سیلاب ہیں۔