• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشعال ملک کے تحفظات اجاگر کرنے چاہئیں، چوہدری قربان

لوٹن (نمائندہ جنگ) کوآرڈی نٹیر کشمیر سالیڈیریٹی کمپین لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا ہے کہ جے کے ایل ایف کے اسیر لیڈر محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا خطاب آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے۔ مشعال ملک نے خبردار کیا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو قبرستان بنا دیا، اب آزادکشمیر کی طرف دیکھ رہا ہے، پوری دنیا میں کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، اپنی ہی زمین پر کشمیریوں کو پناہ گزین بنا دیا گیا، 50لاکھ بھارتیوں کو ڈومیسائل دیئے گئے۔مشعال ملک نے کہا ہے ہماری حریت قیادت کو جیلوں میں بند کر دیا گیا، مقبوضہ کشمیر میں کرائے گئے اس الیکشن میں تمام ووٹرز بھارتی ہیں۔ مشعال ملک نے کہا کہ پوری دنیا میں کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے، بھارت کہتا ہے اب آزادکشمیر پر حملہ کرنا ہے۔ ہمیں یکجا ہو کر آواز اٹھانی ہے کہ بھارت اپنے منصوبوں سے باز آئے، ہمیں ایک اور جناح چاہئے، جو کشمیریوں کے حق کی آواز بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بین الاقوامی قوانین کے ماہرین چاہئیں، غزہ اور فلسطین میں جو ہو رہا ہے، اس کے لئے بھی ہمیں آواز اٹھانی ہے، لبنان میں بھی حملے شروع ہو چکے ہیں، اس تمام صورتحال پر اقوام متحدہ بھی خاموش ہے۔ حاجی چوہدری محمد قربان نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیری کمیونٹی کو مشعال ملک کے تحفظات کو ممبران پارلیمنٹ اور ممبران ہاوس آف لارڈز کے علاوہ مقامی کونسلرز کے ساتھ بھی اٹھا کر اجاگر کرنے چاہئیں تاکہ بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ادراک ہو سکے۔

یورپ سے سے مزید