آکسفورڈ( نیوز ڈیسک)سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ بیضہ دانی کے کینسر (اووری کینسر) کے علاج کے لیے دنیا کی پہلی ویکسین اس مہلک بیماری کو ناپید کرسکتی ہے۔یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے سائنسدان اوورین ویکس نامی یہ ویکسین تیار کر رہے ہیں، جس میں ویکسین کے ایک انجکشن لگانے سے یہ دوا مدافعتی نظام (امیون سسٹم) کو یہ سکھائے گا کہ وہ بیضہ دانی پر ابتدائی سرطان کے حملوں میں اسے شناخت کے بعد حملہ کر دے۔ واضح رہے کہ بیضہ دانی کا کینسر خواتین میں سب زیادہ عام قسم ہے اور اس کی وجہ سے ہر سال ہزاروں خواتین ہلاک ہوجاتی ہیں۔اس کی علامات مبہم قسم کی ہوتی ہیں مثلاً پیٹ پھولنا اور بھرا ہوا محسوس ہونا، پیٹ میں درد اور بہت زیادہ پیشاب کا آنا شامل ہیں۔ یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے ایم آر سی ویدھرال انسٹیٹوٹ آف مالیکیولر میڈیسن کے اوورین کینسر سیل لیبارٹری کے ڈائریکٹر پروفیسر احمد احمد اور انکی ٹیم بیضہ دانی کے کینسر کی ویکسین کے لیے سیلولر اہداف کی شناخت کے لیے کام کر رہی ہے۔