کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کی درخواستوں پر جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس اجلاس جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے لئے درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ جبری گمشدہ شہریوں کے اہلخانہ کی مالی معاونت کردی گئی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ جنید آرام باغ کے علاقے سے 2015 سے لاپتہ ہے۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ شہری کی گمشدگی کا مقدمہ 2018 میں درج کروایا گیا تھا۔ متعدد جے آئی ٹی اجلاس اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ہوچکے ہیں۔ شہری کے خلاف قتل کا مقدمہ بھی درج ہے، شہری کا سیاسی جماعت سے تعلق ہے۔ اہلیہ نے بتایا کہ گل زرین شاہ کورنگی کے علاقے سے 2برسوں سے لاپتہ ہے۔