• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایرانی حملے کا جواب دینے کیلئے اسرائیلی تیاری، وسیع جنگ کا خدشہ، حسن نصراللّٰہ کے ممکنہ جانشین سے رابطہ منقطع

بیروت، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی فوج نے دھمکی دی ہے کہ وہ ایرانی میزائل حملوں کا جواب دینے کی تیاری میں مصروف ہیں ، خطے میں وسیع جنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے ،اسرائیلی فوجی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اللہ کے نئے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین ضاحیہ میں حزب اللہ کے مبینہ ہیڈکوارٹرز پر بمباری میں شہید ہوگئے ہیں، حزب اللہ ذرائع کاکہنا ہے کہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین سے جمعے کے بعد سے رابطہ منقطع ہے،لبنان کے شہر طرابلس میں اسرائیلی بمباری سے حماس کے رہنما سعید عطاءاللہ اپنی اہلیہ اور دو بیٹیوں سمیت شہید ہوگئے ہیں، اسرائیلی طیاروں نے جنوبی لبنان میں مسجد اور فیلڈ اسپتال پر بھی بمباری کردی ، صیہونی فوج کے مطابق انہوں نے مسجد کے اندر حزب اللہ کے ارکان کو نشانہ بنایا ہے ، حزب اللہ کا کہنا ہے کہ سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کیساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں جبکہ انہوں نے سرحد پار اسرائیلی فوجی سازوسامان بنانے والے مرکز اور اہداف پر راکٹ حملے کئے ہیں ، اسرائیلی طیاروں کی جانب سے بیروت سمیت جنوبی لبنان پر فضائی حملوں کا سلسلہ جاری رہا جس میں کئی رہائشی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ، صیہونی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے لبنان میں زمینی آپریشن کے بعد سے 440حزب اللہ ارکان کو شہید کردیا ہے، اسرائیل کے صدر اسحاق ہرزوگ نے کہا ہے کہ 7اکتوبر 2023کو حماس کے حملے کے زخم ابھی تک تازہ ہیں، ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہری اب بھی حماس کی قید میں ہیں اس لئے ہمارے زخم اب تک تازہ ہیں،غزہ میں قید اسرائیلیوں کے اہلخانہ سمیتمظاہرین ایک گروپ نے اسرائیلی صدر کے گھر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے ، برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں ہزاروں افراد نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی کیلئے احتجاجی ریلی نکالی ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے سینئرعہدیدارنے کہا ہے کہ اسرائیل 7اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملوں کا ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایران پر حملہ کرسکتا ہے، انہوں نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل نے بائیڈن انتظامیہ کو ایسی کوئی ضمانت پیش نہیں کی ہے کہ ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی دمشق کے دورےپرشام کے صدر بشارالاسد سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کی ہیں ۔اس موقع پر انہوںنے اسرائیل کو متنبہ کیا ہے کہ اگر اس نے حملہ کیا تو اسے بھرپور قوت سے جواب دیں گے ۔انہوں نے غزہ اورلبنان میں فوری جنگ بندی کامطالبہ بھی دہرایا۔ برطانوی میڈیا نے اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہےکہ حسن نصراللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین شہید ہوچکے ہیں۔برطانوی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے لبنانی سکیورٹی ذرائع نےکہا ہےکہ بیروت کےجنوب میں جاری مسلسل اسرائیلی حملوں کےسبب ریسکیو ورکرز اس اسرائیلی حملےکا نشانہ بننے والے مقام تک نہیں پہنچ پا رہے جس میں حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کے مارے جانےکی اطلاعات ہیں۔لبنانی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ ہاشم صفی الدین اسرائیلی حملےکے بعد سے رابطے میں نہیں ہیں۔اسرائیلی میڈیانے دعویٰ کیا ہے کہ لبنانی حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایرانی قدس فورس کے کمانڈر دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے ضاحیہ پر حملوں میں زخمی ہوگئے ہیں۔ لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی قصبے بنت جبیل میں واقع فیلڈاسپتال کو اسرائیلی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اسپتال کے ڈائریکٹر محمد سلیمان نے بتایا کہ اس پر براہ راست حملہ ہوا اور اسے خالی کرا لیا گیا۔یہ اسرائیل اورحزب اللہ کے درمیان گزشتہ سال شروع ہونے والی جھڑپوں کے بعد اس طرح کا پہلا حملہ ہے۔اسرائیلی فوج نےایک بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف کی انٹیلی جنس کی ہدایت پر آئی اے ایف (ایئر فورس) نے کمانڈ سینٹر کے اندر کام کرنے والے حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کو نشانہ بنایا، جو کہ جنوبی لبنان میں صلاح غندوراسپتال سے متصل ایک مسجد کے اندر واقع تھا۔

دنیا بھر سے سے مزید