• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے 2 ارب ڈالرز امداد کا اعلان کیا گیا، عالمی بینک

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بین حسین نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے 2 ارب ڈالرز امداد کا اعلان کیا گیا۔ 

بریفنگ کے دوران عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کے نئے منصوبوں کے لیے 1 ارب 55 کروڑ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔ 

ناجی بین حسین نے مزید بتایا کہ موجودہ منصوبوں کےلیے 45 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔ زیادہ تر فنڈنگ سندھ میں سیلاب متاثرین کی امداد کےلیے مختص ہے۔ 

انھوں نے کہا سندھ میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کے لیے 500 ملین ڈالرز خرچ ہوں گے۔ سندھ میں سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے 22 کروڑ ڈالرز فراہم کیے گئے۔ 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کےلیے فنڈز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ صوبے میں سیلاب متاثرین کے 9 لاکھ 35 ہزار بینک اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر کے مطابق سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کے لیے رقم 4 اقساط میں فراہم کی جا رہی ہے۔ سندھ میں 6 لاکھ 40 ہزار سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ سندھ میں انتہائی شفاف طریقے سے سیلاب متاثرین میں امدادی رقوم دی جا رہی ہیں۔ 

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ بلوچستان میں 104 سیلاب متاثرین کے بینک اکاؤنٹس کھولے گئے ہیں۔ صوبے میں سیلاب متاثرین کو گھروں کی تعمیر کےلیے رقوم فراہم نہیں کی گئیں۔ 

انھوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں گھروں کی تعمیر کےلیے 4 لاکھ روپے جبکہ سندھ میں گھروں کی تعمیر کے لیے 3 لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید