کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں ورلڈ بینک کے تعاون سے مختلف نئی ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جائیں گی،ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ ترقیات و منصوبہ بندی کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس میں کیا،اس موقع پر چیئرمین پی این ڈی نجم احمد شاہ اور دیگر افسران بھی شریک تھے ،اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ سندھ میں نئی ترقیاتی اسکیموں کے لیے ورلڈ بینک نے 450 ملین ڈالرز دینا تھے مگر اب تک صرف 200 ملین ڈالر دئیے گئے ہیں،وزیر ترقیات و منصوبہ بندی نے کہا کہ ترقیاتی اسکیموں کو شروع کرنے کے لیے اقدامات کی رفتار تیز کی جائے جبکہ بقیہ رقم کے لیے وہ ورلڈ بینک سے بات چیت کریں گے ، امید ہے کہ وہ بقیہ رقوم بھی جلد از جلد جاری کر دیں گے کیونکہ ورلڈ بینک نے سندھ میں جاری ترقیاتی سکیموں کی رفتار پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت کے اقدامات کی تعریف بھی کی ہے ،ورلڈ بینک کے تعاون سے آبپاشی،پانی،1122 ریسکیو اور سڑکوں کی نئی ترقیاتی اسکیمیں شروع کی جائیں گی، چیئرمین بلاول بھٹو ترقیاتی ا سکیموں کے حوالے سے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔