ماہرین کی جانب سے جاری کردہ سیٹلائٹ تصاویر میں جنوبی لبنان کے علاقے مارون الراس میں اقوام متحدہ کے امن مشن بیس کے قریب بڑی تعداد میں اسرائیلی فوج کی موجودگی دیکھی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق تصاویر میں 40 فوجی گاڑیوں کو اقوام متحدہ کی فورسز (یونفیل) کے ہیڈکوارٹر کے ارد گرد دیکھا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس علاقے میں فوجی نقل و حرکت کےلیے نئی سڑک تعمیر کی گئی ہے اور یونفیل کے بیس کے قریب زمین بھی ہموار کی گئی ہے۔
یونفیل کے جوانوں نے اسرائیلی فوج کی نقل و حرکت پر تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ اسرائیلی فورسز نے مارون الراس کے جنوب مشرق میں لبنانی سرزمین کے اندر یونفیل کی چوکی کے قریب مورچے سنبھالے ہوئے ہیں، جو آئرش امن مشن کے بیس سے چند میٹر کے فاصلے پر ہیں۔
یونفیل نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن مشن کے جوانوں کی حفاظت کو خطرے میں ڈالنا ناقابل قبول ہے کیونکہ وہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی جانب سے دیے گئے مینڈیٹ کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہے ہیں۔