کراچی (محمد ناصر) انٹرٹینمنٹ کے شائقین کیلئے بڑی خبر ہے کہ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“کے بینر تلے تخلیق کئے گئے نئے ڈرامہ سیریل ”سن میرے دِل“ کا آغاز بدھ کی شب 8 بجے ”جیو ٹی وی“ سے ہوگا۔ منفرد اور خوبصورت موضوع کے ساتھ ذوق کی تسکین کیلئے تشکیل دی گئی معرکۃ الآرا عشق کی حسین داستان نے اپنی پروموشن کی پہلی ہی جھلک سے ناظرین کو اپنے دیوانہ بنا لیا ہے۔ معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے قلم سے لکھی گئی تحریر کو حسیب حسن کی ہدایات نے انتہائی دلکش کرداروں کے جذبات کو زباں بخشی ہے۔ ڈرامے کی اسٹار کاسٹ میں سید محمد احمد، صبا حمید، اسامہ خان، حرا مانی، امر خان اور شاہ ویر کادوانی کے ہمراہ ساتھی فنکاروں کی جاندار اداکاری نے وہاج علی اور مایا علی کی دلفریب کیمسٹری کو چار چاند لگادیئے ہیں۔ قمر ناشاد کے لکھے گئے خوبصورت گیت کو نوید ناشاد کی سحر انگیز کمپوزیشن میں استاد راحت فتح علی خان کی آواز کا جادو ڈرامہ سیریل کے او ایس ٹی کی صورت دیکھنے والوں کے جذبات کو بے چین کررہا ہے۔ پروڈیوسر عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی کا تخلیق کردہ یہ دلچسپ اور حسین ماسٹر پیس عشق کی نئی منزلوں کا سفر کیسے طے کرے گا؟۔ یہ سارا احوال ناظرین نئے ڈرامہ سیریل ”سن میرے دِل“ میں بدھ کی شب 8 بجے ”جیو ٹی وی“ پر ملاحظہ کرسکیں گے۔