لندن میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کرتے ہوئے 2 لوگوں نے مشہور آرٹسٹ پکاسو کی پینٹنگ پر غزہ میں خون آلود ماں اور بچے کی تصویر لگادی۔
عرب میڈیا کے مطابق یوتھ ڈیمانڈ گروپ کے کارکنوں نے لندن کی ایک گیلری میں پکاسو کی پینٹنگ 'مدرہوڈ' کے اوپر غزہ میں خون آلود ماں اور بچے کی تصویر چسپاں کردی اور اسرائیل پر ہتھیاروں کی پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔
نیشنل گیلری کے مطابق واقعے میں پکاسو کی 1901ء کی پینٹنگ 'مدرہوڈ' کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم دو افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
یوتھ ڈیمانڈ گروپ نے بتایا کہ دو مظاہرین نے پکاسو کی پینٹنگ کے اوپر لگے حفاظتی شیشے پر ماں اور بچے کی تصویر چپکائی۔
سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ ایک سیکیورٹی گارڈ نے تصویر کو ہٹادیا جبکہ مظاہرین میں شامل ایک نوجوان فلسطین کی آزادی کے نعرے لگا رہا تھا جسے بعد میں گرفتار کر لیا گیا۔
مظاہرین نے الزام لگایا کہ برطانوی حکومت غزہ میں "نسل کشی" میں ملوث ہے اور ہتھیاروں کی فروخت روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر حمایت موجود ہے۔
نیشنل گیلری کے مطابق، دو افراد پکاسو کی پینٹنگ والے کمرے میں داخل ہوئے، "ایک کو اس وقت پکڑا گیا جب وہ ایک کاغذ کو آرٹ ورک سے جوڑنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ پینٹنگز کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔