• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاپتہ شہریوں کے اہلِ خانہ کو جے آئی ٹی اجلاس میں شرکت کرانے کا حکم

سندھ ہائی کورٹ ــــ فائل فوٹو
سندھ ہائی کورٹ ــــ فائل فوٹو

سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے کیس میں تفتیشی افسران کو شہریوں کے اہلِ خانہ کے جے آئی ٹی اجلاس میں شرکت کو یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔

عدالت میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران لاپتہ شہریوں کے اہلِ خانہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔

جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت شہریوں کی آخری امید ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے پیش رفت نہ ہونے سے شہری مایوس ہو رہے ہیں اور اسی وجہ سے اب عدالتوں میں بھی پیش نہیں ہو رہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ فیروز آباد سے لاپتہ شہری نعیم کی بازیابی کے لیے جے آئی ٹی کے 28 اجلاس ہو چُکے ہیں لیکن ان کے اہلِ خانہ جے آئی ٹی کے اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔

سرکاری وکیل نے بتایا کہ لاپتہ شہری محمد غفور کے اہلِ خانہ بھی جے آئی ٹی اجلاس میں شریک نہیں ہو رہے۔

سرکاری وکیل نے مزید بتایا کہ شہری محمد غفور کی جبری گمشدگی کا تعین ہو چُکا ہے۔

عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل سننے کے بعد حکم دیا کہ تفتیشی افسر شہریوں کے اہلِ خانہ کی جے آئی ٹی اجلاس میں شرکت یقینی بنائیں۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ایف آئی اے سے شہریوں کی ٹریول ہسٹری حاصل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اس کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تازہ رپورٹس بھی آئندہ سماعت تک طلب کر لیں اور درخواستوں کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید