پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار شان شاہد نے 90ء کی دہائی میں اپنے بارے میں سب سے زیادہ زیرِ بحث رہنے والے سوال کا جواب دے دیا۔
شان شاہد حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئے جہاں شو کی میزبان نے ان سے یہ سوال بھی پوچھا کہ کیا شان شاہد نے اداکارہ ریما خان سے شادی کرنے کے بارے میں کبھی سوچا؟
اُنہوں نے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا کبھی نہیں سوچا کیونکہ جب میں ریما سے ملا تو اس وقت میری عمر صرف 16 سال تھی اور ہم نے کم عمری میں فلم ’بلندی‘ سے ایک ساتھ اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
اداکار نے کہا کہ 16 سال کی عمر میں انسان شادی کے بارے میں نہیں سوچتا بلکہ نئے لوگوں سے ملتا ہے، دنیا دیکھتا ہے اور اپنے کام پر توجہ دیتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مداح اسکرین کو مختلف نظر سے دیکھتے ہیں کیونکہ ہم پیسے کمانے کے لیے اسکرین پر رومانس کرتے، ایک ساتھ گھومتے اور ایک دوسرے سے محبت کا اظہار کرتے نظر آتے ہیں تو اس لیے لوگ ایسا خیال کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ شان شاہد اور ریما خان ڈیبیو فلم ’بلندی‘ کے بعد بھی کئی بار اسکرین پر ایک ساتھ نظر آئے۔
مداحوں کی جانب سے ان دونوں کی آن اسکرین کیمسٹری کو بہت پسند کیا جاتا تھا۔