وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں گرینڈ جرگہ نے آج ہی کالعدم تنظیم سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں وفد آج رات 8 بجے روانہ ہوگا، وزیر اعلیٰ کی جانب سے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی، رہنما عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) ایمل ولی، جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسرابراہیم کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کالعدم تنظیم سے ان کے مطالبات کا پوچھیں گے، علی امین کالعدم تنظیم کے انتظامی کیمپ میں بیٹھ کر بات چیت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ نے کالعدم تنظیم کے خلاف مزید کارروائی بھی روک دی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل خیبر پختونخوا گرینڈ جرگہ میں وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کی سربراہی میں مذاکراتی جرگہ بنانے کا فیصلہ کیا گیا، جرگہ نے فیصلہ کا اختیار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو دے دیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر اعلیٰ کے پی سردار علی امین گنڈاپور کی میزبانی میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں جرگہ ہوا، جرگہ میں تمام سیاسی پارٹیوں کے سربراہان اور نمائندہ گان نے شرکت کی، کے پی اسمبلی بشمول تمام سیاسی پارٹیوں نے وزیر اعلیٰ کو جرگہ کےلیے اختیار دیا۔
اعلامیے کے مطابق مذاکراتی جرگہ مسئلے کے حل کیلئے متعلقہ فریقین سے بات کرےگا، معاملے کے حل کیلئے مشاورت اور لائحہ عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔