• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زوہیب حسن نے رتن ٹاٹا سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کردیا

پاکستان کے نامور گلوکار زوہیب حسن نے بھارت کے معروف صنعت کار آنجہانی رتن ٹاٹا سے متعلق ایک یادداشت سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

رتن ٹاٹا 86 برس کی عمر میں گزشتہ روز ممبئی کے ایک اسپتال میں چل بسے، جہاں وہ کچھ عرصے سے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل تھے۔

پاکستان کی شہرت یافتہ بہن بھائیوں پر مبنی پاپ سنگر جوڑی نازیہ حسن اور زوہیب حسن کی عشروں قبل ہونے والی ایک ملاقات کا زوہیب حسن نے سوشل میڈیا پر ذکر کیا ہے۔

مرحومہ نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے اس حوالے سے بتایا کہ کافی برس قبل ان کی والدہ نے نازیہ حسن کو فون دیتے ہوئے کہا کہ تم دونوں کے لیے ایک صاحب، جن کا نام رتن ہے، نے فون کیا ہے۔

جس کے بعد نازیہ حسن نے ان سے بات کی، رتن صاحب نے نازیہ حسن سے اپنا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ وہ ایک میوزک کمپنی سی بی ایس انڈیا کے نام سے شروع کر رہے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ وہ نازیہ اور میرا ایک البم ریکارڈ کرنا چاہتے ہیں، جس کے بعد ہم نے ان سے ملنے کا وقت طے کیا اور وہ چند روز بعد ہمارے گھر آئے، یہ بڑی اچھی ملاقات تھی، ہمیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ وہ کون ہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ اس حوالے سے معاہدے کےلیے کسی کو ہمارے پاس بھیجیں گے، جس کے بعد ہم نے ینگ ترنگ البم پروڈیوس کیا جو کہ غالباً بھارت اور جنوبی ایشیا میں پہلا میوزک ویڈیو تھا۔

جس کے بعد آخر میں ہم ممبئی کے تاج ہوٹل میں ان سے ملے تو ہمیں سی بی ایس کے ایم ڈی نے بتایا کہ کیا آپکو معلوم ہے کہ یہ کون صاحب ہیں؟ تب تک ہمیں رتن ٹاٹا کے بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید