• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایوارڈ کا وعدہ مجھ سے کر کے کسی اور کو دیدیا گیا، انیل کپور مداح نکلے: حنا دلپذیر


پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف و باصلاحیت اداکارہ حنا دلپذیر نے نجی ایوارڈ شو کے دوران پیش آنے والا تلخ تجربہ بیان کیا اور یہ بھی بتایا کہ ایوارڈ شو کی رات کس طرح اللّٰہ تعالیٰ نے اس تلخ تجربے کو یادگار تجربے میں تبدیل کر دیا۔

حال ہی میں اداکارہ نجی ٹی وی کے شو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے فنکاروں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کے بارے میں کھل کر بات کی۔

انہوں نے اپنے ساتھ پیش آنے والا ایک تجربہ بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار ایک ایوارڈ شو میں ایوارڈ دینے کا وعدہ کر کے بیرونِ ملک بلایا گیا تھا، لیکن بعد میں وہ ایوارڈ کسی اور کو دے دیا گیا۔

اداکارہ نے بتایا کہ اس وقت جو توہین محسوس کی وہ کبھی بھول نہیں سکتی لیکن اسی رات جب سب اپنے ایوارڈز لے کر واپس آ رہے تھے اس وقت ہوٹل کی لابی میرے مداحوں سے بھری ہوئی تھی، جن میں ذہنی طور پر معذور و جسمانی طور پر بیمار بچے بھی شامل تھے جو میرے ’مومو‘ کے کردار کے مداح تھے، اُس وقت ہوٹل کی لابی میں موجود تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت میں نے ’مومو‘ کے کردار والا چشمہ نہیں پہنا ہوا تھا تو ایک بچے نے ڈرتے ڈرتے اپنا چشمہ مجھے دیا اور اپنی ماں کے پیچھے چھپ گیا، میں نے وہ چشمہ پہنا اور ان بچوں کے لیے مومو بن کر پرفارم کیا، جسے دیکھ کر جو مسکراہٹ ان بچوں کی لبوں پر تھی اس نے میرا غصہ ٹھنڈا کر دیا۔

حنا دلپذیر نے مزید بتایا کہ ان بچوں کی خوشی اور مسکراہٹ دیکھ کر میں سب بھول گئی، جس نے میرے ساتھ بدسلوکی کی ان سب کو معاف کر دیا اور اللّٰہ سے بھی معافی مانگی کیونکہ اللّٰہ تعالیٰ نے شاید مجھے اسی کام کے لیے بیرونِ ملک بلایا تھا۔

حنا دلپذیر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ بالی ووڈ اداکار انیل کپور نے میرا شو قدوسی صاحب کی بیوہ دیکھا کر میرے کام کی تعریف کی اور کام کے سلسلے میں بلایا بھی۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک ہندوستانی فلم کے لیے بھی بات چل رہی تھی لیکن دونوں ملکوں کی سیاست کی وجہ سے یہ پراجیکٹ نہ کر سکی، اب اگر کوئی آفر آئی تو وہاں ضرور کام کروں گی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید