کراچی(اسٹاف رپورٹر)ملتان کے پہلے ٹیسٹ میں تاریخ کی بدترین شکست کے بعد پاکستانی ٹیم اتوار کو ملتان اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن میں حصہ لے گی۔انگلش ٹیم بھی پریکٹس کرے گی لیکن دوسرے ٹیسٹ کے لئے پاکستانی ٹیم کا اعلان تاخیر کا شکار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ابرار احمد دوسرے ٹیسٹ سے آوٹ ہوچکے ہیں لیکن ایک سنیئر بیٹسمین اور ایک مشہور فاسٹ بولر کو آرام دینے کی تجویز ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو چیئرمین محسن نقوی نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں نئی سلیکشن کمیٹی کے علاوہ چیمپنز کپ کے مینٹور بھی شامل ہیں۔اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے لانگ ٹرم پالیسی پر مشاورت ہوگی، اور ٹیم کی حالیہ ناقص کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر غور ہو گا۔جبکہ شان مسعود کی کپتانی کے حوالے سے بھی خدشات سامنے آرہے ہیں۔تاہم وہ اگلے دونوں میچوں میں کپتانی کریں گے۔