• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دریائے سندھ سے 6 کینال نکالنے کا منصوبہ قبول نہیں، سندھ یونائیٹڈ پارٹی

گھارو (نامہ نگار) سندھ یونائٹیڈ پارٹی کے مرکزی جنرل سیکریٹری روشن برڑو نے کہا ہے کہ محترمہ بےنظیر بھٹو کی شہادت کے بعد این آر او کے تحت آصف زرداری جو بار بار اقتدار سونپا جارہا ہے ،اسکی بھاری قیمت سندھ کو ادا کرنی پڑ رہی ہے ،کالا باغ ڈیم پر عوام کے سخت ردعمل کے بعد اب سندھو دریا سے 6کینال نکال کر سندھ کو بنجر بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اور آئینی ترمیم کے ذریعے ارسا کے چیئرمین کی تقرری کا طریقہ بھی تبدیل کر کے ایک ایگزیکٹیو آڈر کے ذریعے تقرر کیا جائے گا، جو سندھ کے عوام کسی صورت قبول نہیں کریں گے ۔انہوں نے یہ بات گھارو پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس کے لیے سندھ میں 10 سیاسی جماعتوں سندھ یونائٹیڈ پارٹی، پی ٹی آئی، مسلم لیگ فنکشنل، جے یو آئی، جماعت اسلامی سمیت دیگر نے اتحاد قائم کیا ہے ،جو مشترکہ مہم چلائیں گی، اس کے لیے 18 اکتوبر کو کراچی تا بدین تک سندھ بچایو تحریک کا آغاز کیا جائے گا اور کراچی تا بدین تک سندھ کے عوام کو آگاہی دینے کے لیے ریلی نکالی جائے گی، ہر چھوٹے بڑے شہر میں استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے ۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھو دریا کے 50 ہزار کیوسک پانی سے چولستان کینال بنانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، سندھ پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہے، اس سے سندھ کی زمین بنجر ہو جائے گی، یہ منصوبے سندھ دشمنی نہیں بلکہ پاکستان دشمن منصوبے ہیں، سندھ میں سمندر میں دریا کا پانی نہ جانے سے ہر سال ہزاروں ایکڑ اراضی سمندر برد ہو جاتی ہے، یہی صورتحال رہی توآئندہ چند سال میں گھارو ،ٹھٹھہ، سجاول کا وجود ہی نہ ہو گا اور یہاں سمندر موجود ہو گا ۔اس لیے سندھ کے عوام کو اپنی بقاء کے لیے جدوجہد کرنا ہو گی، اس موقع پر انکے ہمراہ ایس یو پی کے رہنما خدا بخش تیبو، اعجاز احمد شیخ، مقامی جسقم رہنما سید گلزار شاہ جیلانی، سندھ ترقی پسند پارٹی کے عمر ناہیو اور دیگر موجود تھے۔

ملک بھر سے سے مزید