• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کا ملتان ٹیسٹ کی پچ لگاتار دوبار استعمال کرنیکا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف ملتان میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے لگاتار دوبار ایک ہی پچ کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پچ کو ٹرننگ ٹریک بنانے کیلئے وکٹ کے اطراف میں بڑے بڑے پنکھے بھی لگائے گئے ہیں۔ غیر ملکی ویب سائٹ کے مطابق پہلے ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم کے ہاتھوں اننگز کی شکست سے دوچار ہونے کے بعد پاکستان نے یہ فیصلہ کیا ہے۔ اتوار کو ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور کپتان شان مسعود نے پچ کا معائنہ کیا، ہیڈ کوچ نے ہیڈ کیوریٹر ٹونی ہیمنگ سے اس متعلق بات چیت کی۔ وکٹ کو اسپن فرینڈلی بنانے کے لیے اضافی پانی چھوڑا گیا ۔ پہلے ٹیسٹ میچ میں بولرز کے پیروں کے نشانات، پنکھوں اور سخت دھوپ نے پچ میں مزید دراڑیں پیدا کردی ہیں۔ تاہم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پچ کے ضوابط میں پچ اور آؤٹ فیلڈ کو بہترین ممکنہ حالت میں ہونے کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ وکٹ کے استعمال ہونے یا غیر استعمال شدہ ہونے کی کوئی شرط عائد نہیں ۔ پاکستان ٹیم کو لگاتار 11 ہوم ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد پچ کو تبدیل نہ کرنے کا یہ فیصلہ اہمیت کا حامل ہے۔