ڈبلن (کاشف عزیز بھٹہ) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں سالانہ میلاد النبیﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں آئرلینڈ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں سے تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے رفقاء واراکین وابستگان اور دیگر خواتین و حضرات اور بچوں نے شرکت کی ۔ میلاد النبی ﷺکانفرنس کے مہمان خصوصی منہاج القرآن انٹرنیشنل اسکاٹ لینڈ گلاسگو کے ڈائریکٹر اور منہاج سکالر فورم برطانیہ کے صدر علامہ محمد شاہد بابر تھے۔ اس کے علاوہ منہاج سسٹر یو کے نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی جن میں مریم خان،فاطمہ صدیقی اور عائشہ پروین شامل تھیں۔ میلاد النبیﷺ کانفرنس کا آغاز حافظ تنویر حسین نے صحیفہ انقلاب قرآن مجید فرقان حمید کی آیات بیانات سے کیا۔ ثنا خوان مصطفیٰﷺ ظہیر احمد خان، خرم نوید، ڈاکٹر محمد گلزار، چوہدری جبران، محمد شفاء، خواتین میں ڈاکٹر منتہیٰ مجید اور بچوں میں محمد احمد رضا، علی حسنین اور حمزہ آصف نے گلہائے عقیدت پیش کئے۔ منہاج القرآن آئرلینڈ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محی الدین نے نقابت کے فرائض ادا کئے۔ تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ کے صدر وسیم بٹ نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ مہمان خصوصی علامہ محمد شاہد بابر اور منہاج سسٹر یو کے کا مختصر تعارف کرایا اور آئرلینڈ میں منہاج القران کی ہونے والی تمام سرگرمیوں سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ سٹیج پر امیر تحریک علامہ محمد عدیل اور پیر شیراز حسین قادری، مہمان خصوصی علامہ محمد شاہد بابر کے ساتھ جلوہ افروز تھے۔ علامہ محمد شاہد بابر نے عظمت شان مصطفیٰﷺ کی عالم بشری میں بے مثلیت و انفرادیت پر خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضور تاجدار کائناتﷺ روح ایمان ہیں، آپﷺ کی ذات اقدس سے رشتہ محبت استوار کیے بغیر نہ تو لذت ایمان نصیب ہو سکتی ہے اور نہ ہی اللہ رب العزت سے تعلق عبودیت قائم ہو سکتا ہے،ؒ آپﷺ خالق کائنات تک پہنچنے کا واحد اور لازمی واسطہ ہیں لہٰذا آپﷺ کی الفت و رحمت کہ چراغ فروزاں کیے بغیر جادہ مستقیم پر گامزن نہیں ہوا جا سکتا۔ حضور نبی اکرمﷺ کی مثلیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ حضورﷺکی مثلیت کا انکار نہ کرے اس کا اقرار کرے لیکن مومن اپنی ساری زندگی حضورﷺ کی فضیلت بیان کرتا رہے فضائل بیان کرے، حضورﷺ کے مناقب بیان کرے، حضورﷺ کا ذکر بیان کرے، حضورﷺ کے اہل بیت اور صحابہؓ کے مناقب بیان کرے۔ منہاج سسٹر یو کے کی فاطمہ صدیقی نے کہا کہ اسلام کی عطا کردہ عزت و تکریم ہی تھی جس سے عورت معاشرے کا ایک موثر اور باوقار حصہ بن گئی اور اس نے زندگی کے ہر شعبہ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ ہم نے آئرلینڈ میں پہلی بار میلاد النبی ﷺکانفرنس میں شرکت کی اس پر میں منہاج القرآن آئرلینڈ کی پوری ٹیم کو مبارک باد اور شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ15نومبر سے17نومبر تک لندن میں خواتین کیلئے التزکیہ کیمپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، اس کیمپ کی مہمان خصوصی ڈاکٹر غزالہ حسن قادری ہوں گی۔ میلاد کانفرنس کے موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی کتب کا اسٹال بھی لگایا گیا جس پر حاضرین کی خصوصی دلچسپی رہی آخر میں حضور نبی اکرمﷺ کی بارگاہ میں درود و سلام کا نذرانہ پیش کیا گیا اور تمام عالم اسلام، پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت کیلئے دعا کی گئی۔ میلادالنبی ﷺکانفرنس کا انتظام منہاج نیشنل ایڈوائزری کمیٹی کے چیئرمین اور معروف قانون دان سولیسٹر چوہدری عمران خورشید، کونسلر عمار علی اور منہاج القرآن کی ایگزیکٹو ٹیم نے کیا تھا۔