• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

50 فیصد معذور کوٹہ پر روزگار، گزارہ الاؤنس دیا جائے، بلائنڈ ایسوسی ایشن

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ بلوچستان کے جنرل سیکرٹری نعمت اللہ ، حافظ سعد اللہ نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہےکہ بصارت سے محروم افراد کو 50 فیصد معذور کوٹہ پر روزگار، گزارہ الاؤنس اور پنجاب طرز پر ہمت کارڈ جاری کیے جانے سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کئے جائیں تاکہ بصارت سے محروم افراد کے مسائل میں کمی آسکے ۔ یہ بات انہوں نے پیر کو کوئٹہ پریس کلب میں سبحان علی ، نصراللہ شاہوانی ، بشیر احمد و دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ15 اکتوبر کو بصارت سے محروم افراد کا عالمی دن منایا جاتا ہے جبکہ بلوچستان میں نابینا افراد کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا ہے ان کا کوئی پرسان حال نہیں ، حکومتی سہولیات کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے نابینا افراد مسائل کا شکار ہیں ، روزگار ، تعلیم ، صحت سمیت دیگر سہولیات سے محروم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بصارت سے محروم نابینا خواتین کو بھی مسائل کا سامنا ہے لیکن حکومتی سطح پر نابینا افراد کے لئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نابینا معذور طلباء کے لئے خصوصی تعلیمی اداروں کو فعال کرنے کے ساتھ سرکاری اور نجی جامعات سے نابینا افراد کے لئے فیس معافی کا کا اعلان کیا جائے ۔
کوئٹہ سے مزید