تقریباً 80 فیصد سے زائد ممالک رواں ماہ ہونے والی موسمیاتی کانفرنس کوپ 16 کے لیے قدرتی ماحول محفوظ رکھنے کے لیے منصوبے جمع کرانے میں ناکام رہے۔
برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق صرف 25 ممالک نے منصوبے جمع کرائے۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2 سال قبل کینیڈا کے شہر مونٹریال میں ہونے والی موسمیاتی کانفرنس میں زمین اور سمندر کے قدرتی ماحول کو 30 فیصد تک محفوظ رکھنے، نقصان دہ سبسڈیز پر اربوں ڈالرز کی اصلاحات اور کیڑے مار ادویات کے استعمال میں کمی کا معاہدہ طے پایا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاہدے پر ممالک سے عمل درآمد کے لیے منصوبے طلب کیے گئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کے تحت حیاتیاتی تنوع سے متعلق اہداف میں سے اب تک ایک بھی ہدف حاصل نہیں ہو سکا۔
واضح رہے کہ موسمیاتی کانفرنس کوپ 16 کولمبیا میں 21 اکتوبر سے یکم نومبر تک جاری رہے گی۔