بھارتی ریاست بہار میں سانپ نے شہری کو کاٹا جس کے بعد یہ واقعہ دلچسپ بن گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پرکاش مندل نامی شخص کو خطرناک اور زہریلے سانپ نے کاٹا تھا جس کے بعد یہ شخص سانپ کو منہ سے دبوچ کر اور گردن میں لپیٹ کر اسپتال پہنچ گیا۔
اس موقع پر اسپتال میں موجود مریض، عملہ اور ڈاکٹرز پرکاش مندل کو دیکھ کر حیران رہ گئے جسے فوری علاج کی ضرورت تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق علاج کے دوران اور درد اور تکلیف کے باوجود بھی متاثرہ شخص نے سانپ کو مضبوطی سے پکڑے رکھا تاہم ڈاکٹرز نے کہا کہ ایسا کرنے سے علاج کرنے میں مشکل ہوگی جس پر اس نے سانپ کو چھوڑ دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ شخص کا اسپتال میں علاج جاری ہے، البتہ اس کے اسپتال میں سانپ ساتھ لانے کی وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔