غزہ میں بمباری کے دوران مسکرانے والے کم عمر فلسطینی ولاگر رمضان محمود نے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کردیں۔
پچھلے سال یکم دسمبر 2023 کو غزہ میں 7 روز کی جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج نے دوبارہ بمباری کا سلسلہ شروع کیا تھا، بمباری کے وقت بھی کم عمر فلسطینی ولاگر کی بہادری کے ساتھ مسکرانے کی ویڈیو سامنے آئی تھی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کے سربراہ بننے والے یحییٰ سنوار کو گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کے جبالیہ کیمپ میں حملے کے دوران شہید کردیا، جس کی حماس نے تصدیق بھی کردی ہے۔
اس خبر کے سامنے آنے کے بعد ہی غزہ سمیت دنیا بھر میں لوگ یحییٰ سنوار کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں، ایسے میں فلسطینی ولاگر رمضان محمود نے بھی حماس کے شہید رہنما کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کی ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر میں کم عمر فلسطینی ولاگر رمضان محمود یحییٰ سنوار سے آٹوگراف لینے کے بعد خوشی کا اظہار کررہا ہے۔
اس دوران یحییٰ سنوار نے بچے کے گال پر بوسہ لیا اور خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔
رمضان محمود نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’’خدا کی قسم، ہم اسے پیار کرتے ہیں اور اس پر فخر کرتے ہیں، وہ بہترین رہنما اور مثالی شخص تھا، اللّٰہ کی وسیع رحمت اس پر ہو۔"