غزہ میں کڑی دھوپ میں ننگے پاؤں فلسطینی بچی کی اپنی زخمی بہن کو کندھے پر اٹھائے گھر لے جانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج کے مظالم جاری ہیں اور صہیونی فوج نے فلسطینیوں کو محصور کرکے رکھ دیا ہے۔
ایسے ہی اسرائیلی فوج کے محاصرے کے دوران ایک فلسطینی لڑکی گاڑی کی ٹکر سے زخمی ہونے والی اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے ہوئے جاتی نظر آئی ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک چھوٹی سی بچی غزہ کی کڑی دوپہر میں اپنی چھوٹی بہن کو کندھے پر اٹھائے خیمہ بستی کی طرف جارہی ہے جبکہ اس کے پاؤں میں چپل بھی نہیں ہے۔
غزہ کی معصوم بچی کی چھوٹی بہن کے پاؤں میں چوٹ لگی ہوئی ہے، جسے اس نے اپنے کندھے پر اٹھایا ہوا ہے، وہ روزانہ ایک گھنٹے سے زیادہ کا سفر طے کرکے اسے علاج کےلیے لے کر جاتی ہے۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کے کیپشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ لڑکی کی چھوٹی بہن کو ایک گاڑی نے ٹکر ماردی تھی۔
اس بچی کو تکلیف میں دیکھ کر ایک شخص اپنی گاڑی میں بٹھا لیتا ہے اور اسے اس کی منزل تک پہنچاتا ہے۔
خیال رہے کہ غزہ میں 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں کم از کم 42,603 فلسطینی شہید اور 99,795 زخمی ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملوں میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک ہوئے اور 200 سے زیادہ افراد کو یرغمال بنایا گیا۔