• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ: 24 گھنٹوں میں درجنوں فلسطینی شہید، متعدد زخمی

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے سفاکانہ حملوں کا سلسلہ جاری رہا، جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق غزہ سٹی اور دیر البلاح میں اسرائیلی فضائی حملے میں 6 فلسطینی شہید ہوئے جبکہ بیتِ لاحیا میں اسرائیلی ٹینکوں کی اسکول پر گولہ باری میں 7 اور غزہ سٹی میں 3 فلسطینی شہید ہو گئے۔

شمالی غزہ میں اسرائیلی فورسز کا طویل محاصرہ جاری ہے، گھروں پر بم باری کا سلسلہ بھی تھم نہ سکا۔

ادھر بے گھر ہونے والے فلسطینیوں کو خوراک، طبی سامان اور بنیادی ضروریات کی فراہمی سے روکا گیا ہے۔

آسٹریلیا کی طبی تنظیم ’میڈیکل ایسوسی ایشن فار دی پریوینشن آف وار‘ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو بین الاقوامی طبی ٹیموں کی غزہ تک رسائی بحال کرنے پر مجبور کیا جائے۔

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق اگست سے اب تک 8 گروپس اور 50 سے زائد ماہرینِ صحت و کارکنوں کو اسرائیلی حکام نے غزہ میں داخل ہونے سے روک رکھا ہے۔

اس سے قبل سرد موسم کے باعث غزہ کی وزارتِ صحت نے عالمی برادری سے کمبل بھیجنے کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ ہمیں کھانے پینے کی اشیاء کی ضرورت نہیں کیونکہ ہمیں جلد ہی قتل کر دیا جائے گا، ہماری لاشوں کو ڈھانپنے کے لیے کچھ کفن بھیج دیں تاکہ آپ ہمارے خون اور زخموں کے مناظر سے بیزار نہ ہوں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید