• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسرائیلی حملوں کا خدشہ، لبنان کا وادیٔ صور سے شہریوں کو فوری انخلاء کا حکم


اسرائیلی فضائی حملوں کے خدشات کے پیشِ نظر لبنان نے وادیٔ صور سے شہریوں کو فوری انخلاء کا حکم دے دیا۔ اس سے قبل بیروت میں طاقتور میزائل سے حملہ سے کثیر منزلہ عمارت لمحے بھر میں ملبے کا ڈھیر بن گئی۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لبنان پر بم باری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان کے تاریخی شہر طائر پر اسرائیل نے متعدد حملے کیے، جبکہ جنوبی لبنان میں نباتیح کے علاقے پر بم باری میں 5 افراد شہید اور 21 زخمی ہو گئے۔

لبنانی دارالحکومت بیروت میں اسرائیل نے طاقت ور میزائل سے حملہ کر کے کثیر منزلہ عمارت لمحوں میں ملبے کا ڈھیر بنا دی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے جبکہ بیروت کے جنوبی مضافات میں بھی مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 63 لبنانی شہریوں کو بم باری کر کے شہید کر دیا گیا ہے۔

ادھر لبنان سے دور مار راکٹس سے تل ابیب پر حملہ کیا گیا، جبکہ اسرائیل نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے لبنانی راکٹس مار گرائے ہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے اس ماہ کے شروع میں فضائی حملے میں ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور ہاشم صفی الدین حزب اللّٰہ کے نئے سربراہ منتخب ہو سکتے تھے، تاہم حزب اللّٰہ نے ان کی شہادت کی تصدیق نہیں کی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید