سندھ ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو پی پی ایل میں انکوائری جاری رکھنے کی ہدایت کر دی۔
سندھ ہائیکورٹ میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی انکوائری کے خلاف پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) کی درخواست پر سماعت ہوئی۔
دوران سماعت عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کو انکوائری جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔
ایف آئی اے نے عدالت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پی پی ایل میں سرچارجز بلوں کی ادائیگی پر رقم وصولی میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا تھا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پی پی ایل میں 25 کروڑ کی خرد برد کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے وکیل نے کہا ایف آئی اے کو پی پی ایل کے خلاف انکوائری کا کوئی اختیار نہیں ہے، انکا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو ہمارے خلاف انکوائری سے روکا جائے۔
اس موقع پر عدالت عالیہ نے ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر انکوائری کی پیشرفت سے آگاہ کرنے کا حکم دیا اور درخواست کی مزید سماعت 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی۔