ملائیشیا نے اسلامی جمہوریہ ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کر دی۔
ملائشین وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملائیشیا 26 اکتوبر 2024ء کی علی الصبح اپران کے علاقے تہران، کرج، کاشان، مشہد اور شیراز میں اسرائیلی فوجی حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ملائیشیاء کی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
ملائشین وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ ایران پر حملے علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، اسرائیلی حملوں نے خطے کو وسیع جنگ کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اس سے ہونے والے نقصان کا تعین کیا جا رہا ہے۔
وزارتِ خارجہ ملائیشیا نے اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری اس کشیدگی کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کی مسلسل جنگی کارروائیوں نے مشرقِ وسطیٰ کی سلامتی اور مستقبل کے استحکام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
ملائشین وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ ایران میں مقیم ملائیشیا کے باشندوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور مقامی حکام کی طرف سے فراہم کردہ رہنمائی پر عمل کریں۔