• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یحییٰ سنوار کی وصیت اور حماس کیلئے ہدایات نامہ سامنے آگیا

یحییٰ سنوار : فائل فوٹو
یحییٰ سنوار : فائل فوٹو

فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار شہید کی وصیت اور حماس کیلئے ہدایات نامہ سامنے آگیا۔

حماس کے شہید رہنما یحییٰ سنوار کے آخری تحریری احکامات ظاہر کرتے ہیں کہ ان میں اسرائیلی یرغمالیوں کے بارے میں واضح ہدایات شامل ہیں۔

فلسطینی اخبار القدس نے 3 صفحات پر مشتمل یہ دستاویزات شائع کی ہیں، جن کو سنوار کی "وصیتیں" اور "ہدایت نامے" قرار دیا جا رہا ہے۔

16 اکتوبر کو اسرائیل کے ساتھ لڑتے ہوئے شہید ہونے والے یحییٰ سنوار نے  اپنی ہدایات میں اسرائیلی یرغمالیوں کے محافظوں کو کہا کہ "دشمن کے قیدیوں کی جان کا خیال رکھیں اور انہیں محفوظ بنائیں، کیونکہ یہ ہمارے پاس سودے بازی کا واحد ذریعہ ہیں۔"

یحییٰ سنوار نے لکھا کہ "دشمن کے قیدیوں" کی حفاظت کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ فلسطینی قیدیوں کی اسرائیلی جیلوں سے رہائی کو ممکن بنایا جا سکے۔ ان کی تحریر میں اس فرض کو پورا کرنے والے افراد کو انعام دینے کا بھی ذکر کیا گیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق یحییٰ سنوار کی شہادت کے وقت غزہ میں 101 اسرائیلی یرغمالی موجود تھے، جن میں سے 60 کے زندہ ہونے کی اطلاع تھی۔

تحریر کے دوسرے صفحے پر یرغمالیوں کی تعداد اور مقامات کا تذکرہ ہے، جس میں غزہ شہر میں 14، غزہ کے وسط میں 25 اور رفح میں 51 یرغمالیوں کا ذکر ہے جبکہ چوتھے گروپ کے 22 افراد کا کوئی مقام نہیں دیا گیا۔

آخری صفحے میں ان 11 خواتین یرغمالیوں کے نام شامل ہیں جنہیں جنگ بندی کے دوران رہا کیا گیا تھا اور جن کے پاس غیر ملکی شہریت بھی تھی۔

اب تک اسرائیل کی طرف سے ان دستاویزات پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں آیا ہے۔

جمعرات کو یرغمالیوں کے خاندانوں کے فورم نے اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اور حماس سے یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کو یقینی بنانے کی اپیل بھی کی۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید