مانچسٹر (علامہ عظیم جی) پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، اوورسیز پاکستانی اپنے وطن پاکستان کی ترقی کیلئے انفرادی اور اجتماعی طور پر کوشاں ہیں اور ہر طرح کی مالی و معاشی قربانیاں دیتے آئے ہیں۔ پاکستان میں حال ہی میں ہونے والی شنگھائی کانفرنس سے بین الاقوامی طور پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور معاشی ترقی و خوشحالی کی راہیں کھلی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار قونصل جنرل پاکستان مانچسٹر طارق وزیر نے بلیک سٹون تنظیم کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کی حب الوطنی کے سلسلے میں ایک تقریب میں کیا ۔اس موقع پر جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے طارق وزیرنے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اپنے وطن کی خوشحالی کیلئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں اور زر مبادلہ بھی بجھوا رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ پاکستان معاشی طور پر استحکام کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، پاکستان پوری دنیا میں اب تیزی سے اپنی تجارت اور وقار کی سر بلندی کیلئے مثبت سمت میں کوششیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ بہت جلد پاکستان کے برطانیہ ،یورپ اور دیگر ملکوں کے ساتھ تجارتی اور سفارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ بیرون ملک رہنے والے پاکستانی برطانیہ یا یورپ میں سرمایہ کاری کرتے ہیں تو اس کا بھی پاکستان کی ساکھ پر بہت اچھا اثر پڑتا ہے، انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی خوشحالی میں ہر طریقے سے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی سے بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند ہو گااور نئی نسل کی حب الوطنی میں بھی اضافہ ہوگا۔اس موقع پر لیبر پارٹی کے مرکزی رہنما ممبر پارلیمنٹ افضل خان نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کیلئے بہت اہمیت رکھتا ہے ،اس لیے ہماری لیبرحکومت پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنے کی خواہاں ہے اور اس کے لئے اقدامات کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے ساتھ پاکستان کے تجارتی اور دیگر شعبوں میں روابط بڑھ رہے ہیں اور برطانیہ میں رہنے والے پاکستانی اپنے وطن کو خوشحال بنانے میں کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں رہنے والے پاکستانیوں کو برطانوی سیاست میں اپنا مقام بلند کرنا چاہئے۔ بلیک سٹون کے ڈائریکٹر چوہدری طاہر صدیق نے کہا کہ برطانیہ کے صاحب ثروت کاروباری افراد پاکستان میں زر مبادلہ اور پاکستان کے ساتھ تجارت کو اہمیت دے رہے ہیں اور ہماری بھرپور کوشش ہے کہ پاکستان ،برطانیہ سمیت یورپی منڈیوں کیلئے راستے کھولے۔ اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں کی خوشحالی کیلئے بلیک سٹون کے ڈائریکٹر ایڈمن کمال شیخ نے کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی سب کیلئے اہمیت کی حامل ہے ،انہوں نے کہا کہ ہم نوجوان پاکستانی بزنس مینوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ترغیب دینے کی مہم پر کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر حاجی غلام مصطفی مغل نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارا ملک پوری دنیا کیلئے اہمیت کا حامل ہے ،انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مثبت مذاکرات شروع کرے اور باہمی تجارت کے راستے کھولے تاکہ اس خطے کے کروڑوں لوگوں کی ترقی ممکن ہو سکے۔ تقریب کے آخر میں پاکستان کی خوشحالی اور قومی اتحاد کیلئے پیر حسین جماعتی نے دعا کرائی۔