کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ پی سی بی نے سابق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے معاہدہ نہیں توڑا انہوں نے معاہدہ توڑا اور خلاف ورزی کی۔ منگل کی شب کراچی کے ہوٹل میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں محسن نقوی نے کہا کہ فخر زمان ٹیم میں ہوگا یا نہیں یہ سلیکشن کمیٹی بتائے گی ، کسی کھلاڑی کا نہیں کہا کہ اس کو ٹیم میں شامل کریں یا اس کو نہیں رکھیں ، انہوں نے کہا کہ 15 دسمبر تک اسٹیڈیم کا کام مکمل ہوجائے گا ، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی، بے فکر رہیں بھارت سمیت تمام ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کسی کھلاڑی کی سلیکشن میں مداخلت نہیں کرتا، عاقب جاوید کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، پانچ سات لوگوں سے کوچنگ کے حوالے سے بات چل رہی ہے ۔ علاوہ ازیں پی سی بی چیف نے دورہ آسٹریلیا میں قومی کرکٹ ٹیم کو یکجان ہوکر کھیلنے کی تلقین ہے، پلیئرز کادوسرا گروپ منگل کو آسٹریلیا روانہ ہوا۔ اس سے قبل چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نئے کپتان محمد رضوان اور نائب کپتان سلمان علی آغا سے ملاقات کر کے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو آپ کی قیادت میں ٹیم سے اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔ متحد ہو کر کھیلنا اور آخری بال تک لڑنا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ محمد رضوان اور سلمان علی آغا نے بھرپور اعتماد کرنے پر چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے خلاف تین ون ڈے اور اتنے ہی ٹی 20 میچز کھیلے گی ۔واضح رہے کہ بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، فیصل اکرم اور محمد عرفان جونیئر پر مشتمل پلیئرز کا پہلا گروپ میلبرن پہنچ چکا ہے ۔