• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قاضی فائز کیساتھ پیش آئے واقعے میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا، پاکستانی ہائی کمشنر

برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ پیش آئے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 

اپنے بیان میں ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ جو سلوک ہوا وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ حکومت پاکستان حملے میں ملوث افراد کے خلاف جو کارروائی کرنے کا کہے گی وہ کریں گے۔

پاکستانی ہائی کمشنر نے کہا کہ ہر موقع پر گڑ بڑ کرنے والے ایک درجن افراد پاکستانی عوام کے نمائندہ نہیں، پاکستان سے آئی شخصیات کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات قابل مذمت ہیں۔

دوسری جانب برطانوی رکن پارلیمنٹ افضل خان نے قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی مذمت کی ہے۔ 

ایم پی افضل خان نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں احتجاج کرنے کا مطلب اس طرح کسی کو ہراساں کرنا نہیں ہوتا۔ پاکستان سے آنے والی تمام شخصیات، چاہے انکا تعلق کسی بھی شعبے سے ہو، ان کا احترام کرنا سب کا فرض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ برطانیہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کا فوکس مقامی سیاست پر ہونا چاہیے۔

ایم پی یاسمین قریشی کا کہنا تھا کہ قاضی فائز عیسیٰ کے ساتھ بدتمیزی افسوسناک ہے، مظاہرے تمیز کی حد میں ہونے چاہئیں۔ مخالفین کے خلاف اس قسم کے مظاہروں کی روایت اچھی نہیں۔

قومی خبریں سے مزید