• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ پیش، 40 بلین پاؤنڈ ٹیکس کا اعلان، بڑا حصہ 25 بلین پاؤنڈ نیشنل انشورنس کے ذریعے ایمپلائرز سے وصول کیا جائے گا، این ایچ ایس 3.1، تعلیم کیلئے 6.7 بلین پاؤنڈ مختص

لندن (سعید نیازی) چانسلر ریچل ریوز نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ پیش کر دیا، جس میں انہوں نے 40 بلین پائونڈ ٹیکس کے ذریعے جمع کرنے کا اعلان کیا جس کا بڑا حصہ یعنی25بلین پائونڈ نیشنل انشورنس کے ذریعے ایمپلائرز سے وصول کیا جائے گا۔ ایمپلائز کی نیشنل انشورنس آئندہ برس اپریل سے 13.8فیصد سے بڑھا کر15فیصد کر دی جائے گی جو کہ ایمپلائرز ادا کرینگے جبکہ ایمپلائز کے انکم ٹیکس اور نیشنل انشورنس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور وی اے ٹی کی سطح میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ شیئرز کی فروخت پر لیا جانے والا کیپٹل گین ٹیکس کو20فیصد سے بڑھا کر24فیصد کرنے کا اعلان کیا گیا۔ وراثتی ٹیکس کی حد کو 2030تک منجمد کر دیا گیا۔ ریچل ریوز نے کہا کہ ادارے اپریل سے 5 ہزار کمانے والے ورکرز کی نیشنل انشورنس وصول کریں گے۔ انگلینڈ میں بس کا کرایہ 2 پائونڈ سے 3 پائونڈ کر دیا جائے گا۔ آئندہ برس اپریل میں ختم ہونے والی 5 پنس فیول ڈیوٹی کی شرح برقرار رکھی جائے گی جس کا مطلب ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا جا رہا۔ ایچ ایس ٹو ٹرین سنٹرل لندن میں یوسٹن اسٹیشن تک آئے گی۔ پرائیوٹ جیٹس کی پروازوں پر ائیر پسینجر ڈیوٹی میں 50 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔ اکتوبر 2026 سے ویپنگ لیکوئیڈ کے 10 ملی لیٹر پر دو پائونڈ 20 پنس نیا ٹیکس لگایا جائےگا۔ ٹوبیکو پرٹیکس مہنگائی کی شرح سے بھی زائد یعنی دو فیصد کر دیا گیا ہے جبکہ ہاتھ سے رول کرنے والے تمباکو پر 10 فیصد ٹیکس لگایا گیا ہے۔ نان ڈرافٹ الکحل ڈرنکس پر اضافہ مہنگائی کی شرح سے جبکہ ڈرافٹ ڈرنکس پر 1.7 فیصد کمی کی جائے گی۔ افورڈ یبل ہومز کیلئے بجٹ میں 500 ملین پائونڈ کا اضافہ کیا جائے گا۔ سوشل ہائوسنگ کے کرایوں میں مہنگائی کی شرح سے اضافہ ممکن ہوگا۔ انگلینڈ اور ناردرن آئرلینڈ میں دوسرا گھر خریدنے کی صورت میں اسٹمپ ڈیوٹی کو 3 فیصد سے بڑھا کر 5 فیصد کر دیا جائے گا۔ 21 برس سے زائد عمر کے افراد کیلئے کم ازکم تنخواہ کو 12.21 پنس فی گھنٹہ کر دیا جائے گا۔ 18 سے 20 برس کے افراد کیلئے 16 فیصد اضافہ کے ساتھ فی گھنٹہ تنخواہ کو 10 پائونڈ فی گھنٹہ کر دیا جائے گا۔ آفس آف بجٹ رسپانسیبلٹی کے مطابق رواں برس معیشت میں 1.1 فیصد ، آئندہ برس 2 فیصد اور 2026 میں 1.8 فیصد اضافہ ہوگا۔ مہنگائی کی شرح رواں برس 2.5 فیصد، آئندہ برس 2.6 فیصد اور 2026 میں 2.3 فیصد رہے گی۔ نیشنل ہیلتھ سروس میں 3.1 بلین پائونڈ کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور این ایچ ایس انگلینڈ کیلئے ڈے ٹو ڈے اخراجات کیلئے اضافی 22.6 بلین پائونڈ کی رقم دستیاب ہوگی۔ تعلیم کیلئے 6.7 بلین پائونڈ مختص کرنے کے علاوہ اسکولوں کی بلڈنگ کو درست کرنے کیلئے 1.4 بلین پائونڈ دینے کا اعلان بھی کیا۔ ریچل ریوز نے آرمڈ فورسز کیلئے 2.9 بلین پائونڈ مختص کرنے کا اعلان بھی کیا۔ بزنس ٹیکس برائے 2025-26 کیلئے 40 فیصد رعایت دی جائے گی جس کی حد 110,000 پائونڈ ہوگی۔ تمام حکومتی اداروں کو اخراجات میں دو فیصد کمی کرنا ہوگی۔

یورپ سے سے مزید