• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی اور مظالم کی مذمت کرتے ہیں، عدیل احمد آفریدی

ویانا (اکرم باجوہ) آسٹریا میں سفارتخانہ پاکستان کے زیر اہتمام27اکتوبر بھارت کے خلاف کشمیریوں کے یوم سیاہ کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیاجس میں سول سوسائٹی کے ارکان، پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی کے نمائندوں اور سفارت خانہ پاکستان کے عہدیداروں نے شرکت کی۔تقریب کا آغاز منظور ریاض نے تلاوت قرآن پاک سے کیا ، سیکنڈ سیکرٹری حسن عباس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کو سفارتخانہ میں خوش آمدید کہا ۔ تقریب میں چارج ڈی افیئرز اور قائمقام سفیر پاکستان عدیل احمد خان آفریدی نے صدر، وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے، انہوں نے 27اکتوبر کی تاریخی اہمیت کو بھی اجاگر کیا اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی قابض افواج کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور مودی حکومت کی جانب سے 05اگست کو اٹھائے گئے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی حمایت میں آواز اٹھائے اور ان کے حق خودارادیت کیلئے کردار ادا کرے۔اس موقع پربین الاقوامی سکالر ڈاکٹر عزت واد نے مسئلہ کشمیر پر کشمیری کمیونٹی کے ساتھ ہونے والے غیر انسانی سلوک کے خلاف آواز اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ تقریب میں یوم سیاہ کی تاریخی اہمیت کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ کشمیر فریڈم فرنٹ آسٹریا کے صدر پروفیسر ملک شوکت اعوان نے کہا کہ 27اکتوبر 1947کو بھارت نے بغیر کسی قانونی جواز کے ریاست جموں و کشمیر پر زبردستی قبضہ کر لیا۔ اس کے بعد سے بھارتی قابض افواج بے دردی سے بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کو قتل کر رہی ہے، ان کی املاک کو نقصان اور دیگر غیر انسانی کارروائیوں میں ملوث ہے، انہوں نے یورپین یونین سےبھی کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کے انسانی حقوق دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے آخر میں پاکستانی کمیونٹی کی مختلف شخصیات اور قائم مقام سفیر عدیل خان آفریدی نے پاکستانی کمیونٹی کا سفارتخانہ کی تقریب میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔

یورپ سے سے مزید